غزہ۔9اپریل (اے پی پی):غزہ کے علاقے شجاعیہ میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 20 فلسطینی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے کہا ہے کہ بدھ کو غزہ شہر کے علاقے شجاعیہ میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 20 فلسطینی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے اور ملبے تلے دبی نعشوں کی تلاش جاری ہے۔ شجاعیہ کے رہائشی 26 سالہ ایوب سلیم نے بتایا کہ چار منزلہ عمارت پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھول اور بڑے پیمانے پر تباہی نے پوری جگہ کو بھر دیا اور صرف لوگوں کی چیخیں اور خوف پھیلا ہوا تھااور مرنے والوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی عملہ اب بھی شہدا اور زخمیوں کو منتقل کر رہا ہے۔ یہ واقعی ایک ہولناک قتل عام ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579963