29.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںصوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تیزی سے...

صوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

- Advertisement -

راولپنڈی۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن تعلیم پر امیر اور غریب سب کے بچوں کا یکساں حق ہے،پرائیویٹ اور مہنگے سکولوں کی طرز پر غریبوں،مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کو اعلی اور جدید تقاضوں کے ہم آہنگ مفت تعلیم دلوانے کے لئے سرکاری سکولوں کو معیاری سکولوں میں بدلنے کا فیصلہ لیا جس پر صوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو راولپنڈی شہر کے مختلف سرکاری سکولوں کے دورہ کے موقع پر اور بعد ازاں منعقدہ سالانہ تقسیم انعامات کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان چھینہ،مسلم لیگ(ن)کے نائب صدر ڈاکٹرمقبول احمدخان ،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ڈاکٹرگل احمد،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسرڈاکٹر محمد اظہر،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسرایلیمنٹری(فی میل)ڈاکٹر ہاجرہ شاہین اور پرنسپل خالد رشید،کونسلرزحیدرعلی،رانا ندیم ظفراورملک شہزادمحمودسمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

- Advertisement -

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ امیراور مالدار لوگ اپنے بچوں کو پرائیویٹ تعلیم دلوا سکتے ہیں لیکن لیکن غریب اور متوسط طبقے کے لوگ مہنگی تعلیم افورڈ نہیں کرسکتے۔غریبوں اور مزدوروں کے بچوں کا بھی حق ہے کہ وہ بھی اعلی اور جدید تقاضوں کے ہم آہنگ معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی،سٹاف و ٹیچرز کی کمی کو دور کرنے اور جدید قسم کی لیبارٹریوں کو بنوانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سی ای او راولپنڈی اور ان کی پوری ٹیم سکولوں کی اپ گریڈیشن کےلئےپوری جانفشانی سے محنت کر رہی ہے۔

ضلعی چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) امان اللہ خان چھینہ نے کہا کہ تعلیمی میدان میں کامیابی ہی قوموں کی ترقی کی ضامن بنتی ہے۔موجودہ دور حکومت میں جتنے تعلیم دوست اقدامات ہوئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔دریں اثناء گرلز کالج نمبر 2 مری روڈ میں محکمہ تعلیم کے فیلڈ افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی ای او، ڈی او ای اور ڈی ڈی او ای سمیت شہر و تحصیل کے مختلف سکولوں کے سربراہان مرد و خواتین پرنسپلز نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیلڈ وزٹ کے نظام، افسران کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے معیار کو مؤثر بنانے سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ای او کیچ نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ ہر تحصیل کے ڈی ڈی ای او اپنے متعلقہ اے ڈی ای او اور ایل سیز کو وزٹ ایریاز تفویض کریں اور ہر ماہ کا وزٹ پلان ڈی ای او اور ڈی ڈی ای او دفاتر میں بروقت جمع کرائیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزٹ رپورٹس ہر ماہ کی 15 تاریخ تک لازمی جمع ہوں جبکہ سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری یا دیگر مسائل کی رپورٹنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ پی ایس ڈی پی سکیم کے تحت سکولوں کی حالت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری کو”مسنگ فیسلٹیز” کی نشاندہی بھی کی گئی جنہیں حل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی اور اساتذہ کی تجاویز پر شکریہ ادا کیاگیا۔

قبل ازیں سکولوں میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات میں کتابیں تقسیم کی گئیں جبکہ بیرسٹر دانیال چوہدری نے ڈی اے وی کالج روڈ اور گرلز ہائی سکول نمبر دو مری روڈ میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے سکول میں 50 پودوں کی مدد سے شجرکاری مہم میں حصہ ڈالا گیا ۔طلبا و طالبات نے بڑھ چڑھ کر پودے لگائے اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ ان پودوں کی حفاظت بھی کریں گے کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580258

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں