راولپنڈی۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈھوک جمعہ میں زیر تعمیر سکول جلد مکمل کیا جائے گا،ڈسپنسری، سیوریج، گلیوں اور نالیوں کے ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھوک جمعہ کے دورے کے موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے وائس پریزیڈنٹ ملک اظہر نعیم، ویلفیئر کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ ملک جاوید اعوان، چیئرمین انجینئر ایم ایس بیگ و دیگر بھی موجود تھے۔ علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ سکول کی عمارت 2018 میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں مکمل ہوچکی تھی لیکن تعلیمی سرگرمیاں تاحال شروع نہیں ہو سکیں،تحریک انصاف کی حکومت نے اس منصوبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔
اسی طرح ڈسپنسری کے لیے جگہ ہونے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا،علاقہ میں سیوریج کی حالت بھی ناقابل برداشت ہو چکی ہے اور بارشوں میں نالہ تنگ ہونے کی وجہ سے پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جس سے قیمتی سامان کا نقصان ہوتا ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے اور بہت جلد سکول، ڈسپنسری اور سیوریج سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر کے انہیں مکمل کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581363