وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سکھ برادری کوبیساکھی کے تہوار پر مبارکباد

99
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکھ برادری کوبیساکھی کے تہوارکے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیساکھی سکھ برادری کا خوشیوں بھراروایتی تہوار ہے ، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے ، ہم سب بیساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ، پاکستان ہم سب کا ہے اوراسے ہم نے مل کر مضبوط اور عظیم بنانا ہے۔

پیر کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔ آئین پاکستان کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریو ں کو یہاں رہنے اور کام کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری سمیت دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔