کوئٹہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے مستونگ میں پولیس وین پر بم حملہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات کی پُر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کا امن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں،جس کی انہیں کوئی بھی اجازت نہیں دے سکتا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پولیس فورس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ پورے عزم و حوصلے سے لڑنا ہوگا۔ میر صادق عمرانی نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔