راولپنڈی۔15اپریل (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کو مستحکم کرتے ہوئے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کی اصل نمائندہ اور عوامی خدمت کی جماعت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب سابق یو سی چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے اعزاز میں ارکان قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور سیما جیلانی کی جانب سے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔
طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں متحد ہے اور پارٹی کے اندر کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کارکنوں کے گلے شکوے دور کیے جائیں گے اور ہر یونین کونسل کو ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے۔ سیما جیلانی نے کہا کہ ورکرز مسلم لیگ (ن) کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تقریب سے دیگر مقررین بشمول سردار نسیم، سجاد خان، حاجی پرویز خان، ڈاکٹر مقبول خان و دیگر مقامی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی عوامی خدمات کو سراہا۔
مقررین نے نواز شریف آئی ٹی سٹی، ای بائیک، لیپ ٹاپ سکیم، ڈیجیٹل اپ گریڈیشن، تعلیم و صحت میں اصلاحات، "مریم کی دستک ایپ”، "ہمت کارڈ”، "مینارٹی کارڈ”، ماڈل بازار اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582501