28.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس،تکمیل...

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس،تکمیل کے قریب منصوبوں کیلئے درکار فنڈز کا سو فیصد جاری کرنے کا فیصلہ

- Advertisement -

پشاور۔ 15 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے مختلف شعبوں میں تکمیل کے قریب منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے سلسلے میں اہم اقدام کے طور پر درکار فنڈز کا سو فیصد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے درکار 13 ارب روپے جلد جاری کئے جائیں اور رواں مالی سال کے آخر تک تکمیل کے قریب تمام منصوبوں کو مکمل کرکے انہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام سے نکال دیا جائے۔

فنڈ کے اجراسے صوبے میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے 511 اہم ترقیاتی منصوبے اس سال جون تک مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، انکی تکمیل میں تاخیر کے ذمہ دار حکام کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

- Advertisement -

وہ منگل کے روز ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم،  چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ،  ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اکرام اللہ اور محمد عابد مجید سمیت متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ان محکموں میں صحت، تعلیم، بلدیات، مواصلات،  زراعت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا ضیاع ہوتا ہے،ترقیاتی منصوبوں کی لاگت پر غیر ضروری نظر ثانی کے عمل سے بھی گریز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لاگت پر نظر ثانی کی باقاعدگی سے انکوائری کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے موجودہ صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں پر بھی فوری طور پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ فیصلے کے تحت 29 مختلف فلیگ شپ منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ان فلیگ شپ منصوبوں پر کام شروع کرنے کے لئے بھی اسی مہینے 12 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کے علاوہ 30 ارب روپے مزید جاری کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو جاری شدہ فنڈز کے استعمال کی شرح کو 100 فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582538

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں