23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف سرگودھا کے زیراہتمام خواندگی میں اضافے کے لیے ایچ ون...

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیراہتمام خواندگی میں اضافے کے لیے ایچ ون ٹیچ ون پروگرام کے تحت تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

- Advertisement -

سرگودھا۔ 17 اپریل (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف اکڈیمکس اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے خواندگی میں اضافے کے لیے ایچ ون ٹیچ ون پروگرام کے تحت دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد پاکستان میں شرحِ خواندگی میں اضافہ اور معاشرے میں تعلیم کی روشنی پھیلانے کے لیے یونیورسٹی کے طلبہ کو عملی میدان میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔اس تربیتی ورکشاپ میں یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبہ نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے کے بعد ہر طالبعلم اپنی کمیونٹی میں کم از کم ایک ناخواندہ فرد کو تعلیم دے گا۔

ورکشاپ میں ڈائریکٹر اکیڈمکس یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر عظمٰی شہزادی،ضلعی آفیسر چائلڈ ویلفیئر بیورو سرگودھا علی عابد نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سرگودھا مہر عمر دراز جھاوری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ سرگودھا آصف علی تارڑ، فیلڈ آفیسر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ سرگودھا آسیہ بی بی، محمد علی رضا، ذوالکیف نذیر، سمیرا شہزادی، اللّہ بخش سمیت متعلقہ شعبہ جات سے وابستہ کثیر افراد نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمٰی شہزادی نے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کو محض نصابی علم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں معاشرتی ذمہ داری کا احساس دلانے کی ایک عملی کوشش ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ایچ ون ٹیچ ون پروگرام کے ذریعے ہم خواندگی کے فرق کو کم کرنا چاہتے ہیں اور طلبہ میں کمیونٹی کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ آصف علی تارڑ نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ پاکستان میں خواندگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اس مشن میں شامل کر کے ہم ایک مثبت تبدیلی کا آغاز کرنا چاہتے ہیں جو معاشرے میں دور رس اثرات مرتب کرے گی۔ورکشاپ کے دوران طلبہ کو پیشہ ور تربیت کاروں کی زیر نگرانی عملی تربیت دی گئی۔ مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کے دوران طلبہ کو پیشہ ور تربیت کاروں کی جانب سے عملی تربیت فراہم کی گئی

اور طلبہ نے اپنی سیکھنے کی مہارتوں کا مظاہرہ سٹیج پر پریذنٹیشنز کے ذریعے کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ این سی ایچ ڈی نے ان افراد کی ابتدائی تعلیمی جانچ بھی کی ہے، جنہیں یہ طلبہ مستقبل میں تعلیم دیں گے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ این سی ایچ ڈی نے سیکھنے والوں کی رہنمائی کے لیے ضروری تعلیمی مواد بھی فراہم کیا ہے، جن میں تین اُردو کتب، ایک ابتدائی ریاضی کی کتاب اور اساتذہ کی رہنمائی کے لیے تیار کردہ گائیڈ شامل ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583555

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں