اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پوسٹل لائف انشورنس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کمپنی کی ساکھ بہتر اور منافع بخش بنانے کیلئے نیابزنس پلان طلب کر لیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی آمدنی کا کم اور اخراجات کا زیادہ ہونا ناقابل قبول ہے، اسی طرح سرکاری اداروں کو کرپشن اور نا اہلی کی دیمک سے پاک کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پوسٹل لائف انشورنس کمپنی اپنے ذمے واجب الادا کلیمز کی ادائیگی کا جلد سے جلد بندوبست کرے اور یہ ادارہ اپنی کوتاہیاں دور کر کے نیا ” روڈ میپ "دے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ موجودہ عہد کے نئے تقاضوں کے مطابق پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی نا گزیر ہے جس کے لئے محکمے میں اصلاحات لائیں گے اور سرکاری فنڈز کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ حکومت سے گرانٹ مانگنے کی بجائے اداروں کو اپنے ریونیو میں اضافہ کرنا چاہیے، سرکاری افسران اپنا مزاج بدلیں اور نئے تقاضوں کے مطابق محنت کر کے اپنے وسائل میں اضافے کریں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی معنوں میں ترقی کرنے کے لئے پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کو اپنا مقابلہ نجی اداروں سے کرنا ہوگا اور کم سے کم افرادی قوت کے ساتھ زیادہ آمدنی کو یقینی بنانا ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے ادارے کے مسائل اور مختلف امور پر بریفنگ دی جس پر فیصلہ کیا گیا کہ پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے مالیاتی مسائل کے حل کے لئے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا جبکہ ایک ہفتے کے بعد نئے بزنس پلان کے ساتھ دوبارہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔