اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے جموں و کشمیر کے حوالے سے ریمارکس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریکارڈ کی درستگی کے لئے یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بھارت کا غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کو نام نہاد یونین ٹیریٹری بنانے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بے بنیاد دعوے کرنے کی بجائے گزشتہ 77 برسوں سے اپنے جبری قبضے میں جموں و کشمیر کے بڑے علاقے خالی کردے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے لاتعداد حملوں نے غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کردیا ہے جس سے شدید بیمار مریضوں کو طبی امداد سے محروم کردیا گیا ہے۔
انسانی امداد کی ناکہ بندی کے ساتھ یہ اقدامات مصائب کو طول دینے اور تنازعات کو بڑھانے کے لیے دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے اور دو ریاستی حل کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جس کے مطابق جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ایک قابل عمل، آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے پاکستان کے اس مطالبہ کو دہرایا کہ عالمی برادری اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے اور فلسطینی شہریوں کو مزید تشدد سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584345