اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور عسکری اداروں کا عزم ہے کہ دہشگردی سے ملک کو نجات دلائیں گے اور ملک کو معاشی ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے،مسلم امہ اور قوم کو ررپیش مسائل کے حل کے لئے علامہ اقبال کی فکری سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔ہفتہ کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ” یومِ اقبال ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری عصر حاضر کے حالات اور تقاضوں کے عین مطابق ہے،امت اور قوم کے اندر موجودہ تفریق اور درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل اقبال کی شاعری میں نظر آتا ہے۔نوجوانوں کے حوالے سے علامہ اقبال نے اپنے کلام میں ان کی رہنمائی کی ہے کہ آپ کی سوچ اور اڑان کیسی ہونی چاہیے۔
آپ دنیا کی ایک عظیم قوم ہیں،ان کے ایک ایک شعر میں سبق ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری آج کے حالات سے مطابقت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے مسائل اقبال کے دور میں بھی تھے جن کا انہوں نے اپنے کلام میں احاطہ کیا ہے تاہم آج یہ مسائل مزید بڑھ چکے ہیں،جو مسلمان ممالک اپنے پائوں پر کھڑے ہیں،جنہوں نے ترقی کی ہے وہ دشمن کے ہدف ہیں، عراق، شام، اردن،افغانستان کی مثالیں سب کے سامنے ہیں،اب پاکستان ان کا ٹارگٹ ہے،اور یہاں پر حالات خراب کئے جارہے ہیں،ہم معاشی طور پر بہتری کی جانب گامزن تھے،ایک بہترین محنتی ٹیم فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ہر ملک کی ضرورت ہے اور دنیا میں اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتے لیکن ہمارے ہاں بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک دم سے تو دوبارہ نہیں آگئی،نوازشریف کے گزشتہ دور میں ملک سے اس عفریت کا مکمل خاتمہ ہوگیا تھا لیکن بدقسمتی سے ایک بار پھر منصوبہ بندی سے دہشت گردی ہورہی ہے اور پاکستان کے دشمن دہشت گردوں کی فنڈنگ کررہے ہیں، ان کی امداد اور اسلحہ سے یہ دہشت گرد ملک میں اکر خلفشار اور افراتفری پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری اداروں کا عزم ہے کہ دہشگردی سے ملک کو نجات دلائیں گے اور ملک کو معاشی ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے۔