اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے، ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا، پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لئے، بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان ان کی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔پوپ فرانسس کی وفات پوری دنیا بالخصوص مسیحی برادری کے لئےایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔