کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینٹر انعام الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل 2025 سے شروع ہو گئی، مہم کے دوران26لاکھ60ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پیر کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی یہ مہم بلوچستان بھر میں شروع کی گئی ہے، صوبے میں پولیو کیس اور ماحولیات میں وائرس کی موجودگی کی وجہ سے والدین خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کو قطرے ضرور پلائیں اور اس مہم میں پولیو ٹیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں ، اگر والدین بچوں کو قطرے نہیں پلائیں گے تو وائرس بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر سکتا ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر کے اپنے تمام بچوں کو پولیوکے قطرے ضرور پلائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات بھی ضرور لگوائیں، اگر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جائے تو والدین فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علما کرام خصوصی طور پر اس مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔انعام الحق نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار610کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں 9ہزار128 موبائل ٹیمیں،976فکسڈسائٹ او ر586ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔