ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مختلف سکولوں، بازاروں و شاہراہوں کے اچانک دورے، تعلیم کے معیار، صفائی ستھرائی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا

86
Deputy Commissioner Gujranwala Naveed Ahmed
Deputy Commissioner Gujranwala Naveed Ahmed

گوجرانوالہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب گڈگورننس انیشی ایٹیوز کے تحت ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے مختلف سکولوں، بازاروں، شاہراہوں اور گلی محلوں کے دورے کیے۔ اس دوران انہوں نے سکولوں میں تعلیم کے معیار ، شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لیا، متعدد دکانداروں کیخلاف تجاوزات پر کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر جلیل ٹاؤن کا دورہ کیا، مختلف کلاس رومز میں گئے، خصوصی بچوں سے ملاقات کی، تعلیمی سہولیات، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے خصوصی بچوں سے اظہار شفقت کرتے ہوئے اساتذہ کو بھی خصوصی بچوں سے شفقت سے پیش آنے، ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی تلقین کی۔ڈپٹی کمشنرنے مزید کہا کہ ضلع کے سکولوں میں ترجیحی بنیاد پر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کا مقصد سکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو حصول تعلیم کیلئے ہر لحاظ سے موافق ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے جلیل ٹائون کا دورہ کرتے ہوئے بازاروں میں تجاوزات پر دکانداروں کو موقع پر تنبیہ جاری کرتے ہوئے سامان دکانوں کے اندر منتقل کروادیا ، دوبارہ تجاوزات کی صورت میں سامان ضبط کرنے، جرمانہ عائد کرنے کی بھی تنبیہ کی۔

انہوں نے کہا کہ بازار کشادہ اور صاف ستھرے ہونے سے نہ صرف بازاروں میں آمد و رفت میں سہولت ہوگی بلکہ کاروبار میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے دوران مختلف روڈز کی صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری سے کہا ہے کہ وہ انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے تعاون کریں اور تجاوزات سے پاک بازاروں کے حکومتی پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ شہر کو خوبصورت اور ٹریفک نظام کو موثر بنایا جاسکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ سڑکوں اور چوک چوراہوں پر پھینکنے کی بجائے صفائی عملہ کے حوالے کریں۔