اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کی زد میں ہے جس کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ زمین کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے لیے اجتماعی اقدام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی بحران کا حل ہمارے ہاتھ میں ہے، صاف توانائی کی طرف منتقلی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے روشن پاکستان، گرین سٹیمولس اور الیکٹرک گاڑیوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک کے موثر اورفعال کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر شہری کے لیے بہتر، محفوظ اور پائیدار کل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ارتھ ڈے کے عملی اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا، پانی بچانا اور پلاسٹک کم کرنا ہوگا۔ پانی، توانائی، خوراک، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ماحولیاتی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحاد، شعور اور جدت کے ذریعے زمین کو شفا دی جا سکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585875