27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت دوسرے مرحلہ میں اجتماعی شادیوں کی...

پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت دوسرے مرحلہ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب،48جوڑے شادی کے بندھن سے منسلک ہوگئے

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت فیصل آباد میں پنجاب سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی دوسرے مرحلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں 48جوڑے شادی کے بندھن میں بند گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت اجتماعی شادیوں کے دوسرے مرحلہ میں مقامی مارکی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں فیصل آباد کے 36 مسلم اور 5مسیحی جبکہ ضلع چنیوٹ کے 7 جوڑے دھی رانی پروگرام کے تحت شادی کے بندھن سے منسلک ہوگئے۔تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری، سابق ایم پی اے فقیر حسین ڈوگر،قدسیہ ضیا،ڈی جی سوشل ویلفیئرپنجاب طارق قریشی،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل، سابق ایم این اے میاں عبدالمنان، سابق ایم پی اے نجمہ افضل،رانا علی عباس،سابق ڈپٹی مئیر شیخ محمد یوسف،ٹکٹ ہولڈر راجہ دانیال،ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن )علماء مشائخ صاحبزادہ محمد امجد، سماجی شخصیات سمیت ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق،ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ودیگر افسران کے علاوہ دلہا دلہن کے عزیزو اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

- Advertisement -

نئے جوڑوں کی پنڈال آمد پر بینڈ اور روایتی جھومر سے استقبال کیا گیا،قوالی بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے 1 لاکھ روپے سلامی اور جہیز سامان کےلئے 1 لاکھ 22 ہزار روپے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دئیے گئے جبکہ دلہن اور دلہا کو شادی کے جوڑے اور آرٹیفیشل جیولری بھی دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محرومیوں کے خاتمہ کے وژن پر عمل پیرا ہیں،پنجاب دھی رانی پروگرام غریب کی بیٹی کی باعزت طریقہ سے رخصتی کا بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام تر انیشیٹیوز غریب عوام کیلئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کے خواب دیکھنے والے والدین کے لئے ایک نیا باب کھل گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دست شفقت کی بدولت یہ پروگرام مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی خاندانوں کی بیٹیوں کے لئے بھی ایک روشن امید بن کر سامنے آیاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیاں لائے گا بلکہ معاشرتی یکجہتی اور مساوات کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب کے ہر مزدور اور محنت کش کی بیٹی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مریم نوازنے دھی رانی پرگرام کے ذریعے ایک ماں کا کردار ادا کیا ہے آج ہم نے اپنی بیٹیوں کے چہروں پر خوشیاں دیکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کی حکومتوں کو بھی اس طرح کے پرگرام شروع کرنے چاہیں۔ڈی جی سوشل ویلفیئرطارق قریشی نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کےمطابق دوسرے مرحلہ کی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کررہا ہے،رواں سال صوبہ بھر میں 3000 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشل ویلفیئر پرگرام آئندہ سال بھی جاری رہے گا۔تقریب کے آخر میں کیک بھی کاٹ گیا اور ملکی ترقی،سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585882

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں