ملتان، چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفس میں سرچ فار جسٹس کے اشتراک سے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد

101

ملتان ۔ 23 اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر بچوں کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی سیشن کا اہتمام سماجی تنظیم سرچ فار جسٹس کے اشتراک سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفس میں کیا گیا۔ آگاہی سیشن میں ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر، ادارے میں رہائش پذیر بچوں و سکول ٹیچرز اور سٹاف نے شرکت کی۔ نمائندہ سماجی تنظیم سرچ فار جسٹس ماہ رخ زہرہ نے بچوں کو تحفظ اور حقوق کے حوالے سے لیکچر دیا۔

انچارج شعبہ عوامی آگاہی چائلڈ پروٹیکشن بیورو نوید مختار نے بچوں کو چائلڈ ہیلپ لائن 1121 اور چائلڈ ٹریفکنگ کے حوالے سے بچوں کو آگاہی دی۔ آگاہی سیشن کے دوران بچوں سے غیر نصابی سرگرمیاں بھی کروائی گئیں اور بچوں کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے حوالے سے بھی آگاہی دی ۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں نے مختلف نظمیں اور لطیفے سنائے۔

بچے آگاہی سیشن کے دوران ہم نصابی سرگرمیوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ بیورو ترجمان کے مطابق نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں کرنے کا مقصد ادارے میں رہائش پذیر لاوارث بے آسرا بچوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ بچے بھی معاشرے میں اپنا مفید کردار ادا کر سکیں ۔