پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اورشدت پسندوں کے مابین جھڑپ کے دوران مارٹر گولہ ایک رہائشی گھر پر گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شدت پسند صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شدت پسندوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، خیبرپختونخوا کی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586683