چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا پشاور میں اعظم پارک شیخ آباد پیمنٹ کیمپ سائٹ کا دورہ

129
Senator Rubina Khalid

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور میں اعظم پارک شیخ آباد پیمنٹ کیمپ سائٹ کا دورہ کیا اور کیمپ سائٹ پر موجود سہولیات کا جائزہ لیا، عملے کو مستحق خواتین سے عزت سے پیش آنے اور صفائی ستھرائی کی ہدایت کی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کو نصیحت کی کہ بی آ ئی ایس پی میں سروے کی کوئی فیس نہیں، سروے بالکل مفت ہے ۔ چئیر پرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کیمپ سائٹ پرکفالت سہ ماہی قسط وصول کرنے کیلئے آنے والی مستحق خواتین کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی عملے کو بزرگ خواتین سے عزت سے پیش آنے، ادائیگی مراکز پر صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بی آ ئی ایس پی میں سروے کا نہ تو کوئی فارم ہے اور نہ ہی کوئی سروے فیس ہے، سروے بالکل مفت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ سروے کرانے کے بعد دو سال سے پہلے دوبارہ سروے نہیں ہو سکتا، لہذا سروے کی غرض سے بار بار کیمپ سائٹ پر آ کر ہجوم اکٹھا نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی میں سروے میں اندراج کے دوران اپنا وہ موبائل نمبر رجسٹر کروائیں جو آپ کے استعمال میں ہو، اندراج شدہ نمبر کو ہرگز تبدیل نہ کریں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی امدادی رقم پوری گن کر وصول کریں اور بینک نمائندے سے رسید لینا مت بھولیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ وظائف کی رقم سے کسی بھی قسم کی کٹوتی غیر قانونی ہے، کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت کا اندراج کرائیں یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ کٹوتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔