اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ بدھ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں قابل ذکر پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، آئی ایم ایف جیسے عالمی ادارے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایچ ای ایم ایس اور منرل ایکسپو جیسی تقریبات میں مضبوط غیر ملکی شرکت بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کے اشارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم معاشی معاملات کو حل کرنے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی ذاتی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیانی نے واضح کیا کہ تمام ملاقاتیں جیل مینوئل ریگولیشنز کے مطابق ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کون ملاقات کرے گا اس حوالے سے پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کو میڈیا پوائنٹ سکورنگ کے لیے سنسنی خیز بنایا جا رہا ہے اور اس معاملے کو غیر ضروری بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586805