33.8 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 24, 2025
ہومعلاقائی خبریںسول جج کی برطرفی کا فیصلہ درست قرار

سول جج کی برطرفی کا فیصلہ درست قرار

- Advertisement -

لاہور۔24اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن میں دھاندلی کے مرتکب ریٹرننگ افسر کے فرائض سر انجام دینے والے سول جج شیخ علی جعفر کی برطرفی کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اپیل خارج کر دی۔عدالتی فیصلے کے مطابق، شاہ کوٹ تحصیل کی یونین کونسل کے الیکشن میں امیدوار اصغر علی اصغر کامیاب قرار پایا تھا، تاہم ریٹرننگ افسر کے طور پر تعینات سول جج نے مقبول احمد جاوید کو کامیاب قرار دے دیا۔

امیدوار اصغر علی اصغر نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے سامنے شکایت درج کروائی، جس پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ نتیجہ چیک کرنے کی ہدایت دی۔فیصلے میں کہا گیا کہ اصل نتائج جاری ہونے کے ایک ماہ بعد جیتنے والے امیدوار کے ووٹ کم کئے گئے اور انہیں ہارنے والے امیدواروں میں تقسیم کر دیا گیا۔

- Advertisement -

گواہوں کے مطابق، جب انکوائری کا آغاز ہوا تو سول جج نے شکایت کنندہ سے معافی مانگی۔ عدالت نے قرار دیا کہ سول جج نے ڈکلیئر ہو چکے نتائج کو 23 دن بعد تبدیل کر کے براہ راست صوبائی الیکشن کمیشن کو بھیج دیا، جو ان کے اختیارات سے تجاوز تھا۔ الیکشن تنازعات صرف الیکشن ٹربیونلز حل کر سکتے ہیں۔

اس عمل کے دوران مخالف فریق کو کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا، نہ ہی یہ واضح کیا گیا کہ کون سا قانون استعمال ہوا۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے بھی گواہی دی کہ الیکشن ریکارڈ میں جعل سازی کی گئی۔ عدالت نے تسلیم کیا کہ سول جج کے عمل کو "مس کنڈکٹ” قرار دیا جا سکتا ہے اور اسی بنیاد پر سروس سے برطرفی جائز تھی۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے مارچ 2006 میں شیخ علی جعفر کو برطرف کیا تھا، جسے سروس ٹربیونل نے اکتوبر 2008 میں معطل کیا، مگر بعد ازاں اعلی عدلیہ نے ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ بعد ازاں باقاعدہ انکوائری کے بعد جون 2015 میں دوبارہ برطرف کیا گیا، اور محکمانہ اپیل بھی ستمبر 2015 میں خارج ہو گئی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن معاملات سے متعلق شکایت الیکشن کمیشن کے پاس درج کروانی چاہیے تھی فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپیل خارج کر دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586957

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں