اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے فروغ کے لیے وزارتِ صنعت و پیداوار نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ کر لیا ہے۔حکام کے مطابق اس پیشرفت کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی معاونت حاصل ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پالیسی و ریگولیشن میں ضروری اصلاحات لانے پر کام کیا جائے گا۔ وزارتِ صنعت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن پر انحصار کم کرنا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں آئی ایف سی جیسے عالمی ادارے کی شمولیت نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ دے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587003