فیصل آباد۔ 24 اپریل (اے پی پی):میڈیکل طلبہ میں کھیلوں کے ذریعے صحتمند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ عملی زندگی کے چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔ یہ بات عزیز فاطمہ ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی اور ستارہ کیمیکلز انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد ادریس نے عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کے سالانہ سپورٹس گالا کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صحتمند معاشرے کیلئے صحتمند نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ طب کے شعبہ سے وابستہ طلبہ کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ وہ صرف پڑھائی پر توجہ دیتے ہیں جبکہ ان کی شخصیت کو متوازن بنانے کیلئے کھیلوں پر بھی ضروری توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کو بھی ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر یقینی بنا سکیں۔
انہوں نے کھیلوں کے بہترین انتظامات کرنے پر کالج کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان میں حصہ لینے والے طلبہ بھی قابل تحسین ہیں جو متوازن شخصیت کے فروغ کیلئے اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے مختلف ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔مذکورہ تقریب کے مہمان خصوصی عزیز فاطمہ ٹرسٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید تھے جبکہ اس موقع پر پرنسپل عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شیخ، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر قدوس الرحمن، ڈپٹی جنرل منیجر ایڈمن اینڈ ایچ آر آفتاب احمدخان، چیئرمین سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم سہیل راجہ اور ڈاکٹر عظمیٰ صغیر بھی موجود تھیں۔