29.4 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومعلاقائی خبریںخواتین کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعلیم، تربیت، ہنر مندی...

خواتین کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعلیم، تربیت، ہنر مندی نہایت ضروری ہیں،ڈاکٹر مریم نعمان

- Advertisement -

سیالکوٹ ،25 اپریل (اے پی پی):خواتین کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعلیم، تربیت، ہنر مندی نہایت ضروری ہیں۔ ایک تعلیم یافتہ ہنر مند خاتون نہ صرف اپنے خاندان کے لیے فلاح و بہبود کا ذریعہ بن سکتی ہے، بلکہ وہ پورے معاشرتی ڈھانچے کی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ کی ممتاز خاتون تاجر رہنما ڈاکٹر مریم نعمان نے خواتین کے سماجی ومعاشی حالات کی بہتری کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اپنے میں انہوں نے کہا کہ خواتین کی سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں۔

- Advertisement -

ہم نے ہمیشہ یہ دیکھا ہے کہ جب خواتین اپنے حقوق سے آگاہ ہوتی ہیں، جب انہیں تعلیم اور ہنر کی سہولت ملتی ہے، تو وہ نہ صرف اپنے گھریلو ماحول بلکہ پورے معاشرتی نظام میں مثبت تبدیلی لاتی ہیں۔ڈاکٹر مریم نعمان نے خواتین کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے خواتین کی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے متعدد اسکیمیں اور پروگرامز متعارف کروائے ہیں۔

ان میں سے خاص طور پر حکومت کی ‘خواتین کے لیے قرضہ سکیمیں’ اور ‘تربیتی ورکشاپس’ قابلِ ستائش ہیں، جن کے ذریعے خواتین کو کاروباری میدان میں کامیاب ہونے کے لیے ضروری وسائل اور ہنر فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ اقدام خواتین کی معاشی خودمختاری کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ جہاں ایک طرف خواتین کو مالی طور پر آزاد کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف تعلیم و تربیت کے میدان میں بھی ان کے لیے مخصوص پروگرامز مرتب کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر نکھار سکیں اور ملکی معیشت میں فعال حصہ ڈال سکیں۔ڈاکٹر مریم نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات اور نجی شعبے کی شراکت داری کا ایک مضبوط نظام ضروری ہے، تاکہ خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی خواتین کو خود مختاری کے راستے پر گامزن کریں اور انہیں وہ تمام وسائل فراہم کریں جو ان کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دے سکیں۔ خواتین کی تعلیم اور ہنر کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، تاکہ ہمارا معاشرہ صحیح معنوں میں ایک مضبوط اور مستحکم قوم بن سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587802

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں