مظفرآباد۔25اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر انڈسٹری اینڈ کامرس چیف انسپکٹر آتش گیر مادہ امجد علی مغل ،سپیشل مجسٹریٹ پرائیس کنٹرول ضلع میرپورراجہ وسیم افضل، معاون ناظم صنعت وتجارت کاشف لطیف خان، سپرنٹنڈنٹ محمد اصغر اور چوہدری اعجازنے ہمراہ موبائل یونٹ ضلع میرپور کے پٹرول پمپس کی کوالٹی اور مقدار کا تفصیلی جائزہ لیا اور غیر قانونی پٹرول ڈیزل ایجنسیوں کو بند کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انڈسٹری کنٹرولر پرائسزز آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ اور کمی وبیشی سے نقصان عوام الناس کو ہو رہا ہے ،محکمہ صنعت وتجارت کا فیلڈ سٹاف کسی بھی عوامی شکایت کے ازالہ کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صنعت وتجارت میں نظامت کی سطح پر شکایات سیل قائم کر دیا گیا ہے ۔
ضلعی انتظامیہ سے جاری شدہ اشیاء خوردونوش کے انراخ پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں اور پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کی بابت شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ محکمہ صنعت وتجارت کے اسپیشل مجسٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ کسی بھی شکایت کے ازالہ کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587929