اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزارت بحری امور نے شفافیت کے فروغ کے لیے شکایات سیل کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارت بحری امور کی جانب سے ہفتہ کو جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے شکایات سیل کا افتتاح کیا۔ شکایات سیل کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ یہ اقدام وزیر اعظم کے وژن کے مطابق بحری امور میں کی جانے والی جامع اصلاحات کا حصہ ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ عوامی خدمات کی تیز تر فراہمی کو یقینی بنائیں گے،حکومت اور عوام کے درمیان رابطے مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ یہ عوامی پلیٹ فارم شکایات، تجاویز اور مسائل کے لیے متعارف کرایا گیا ،میرٹ، شفافیت، اور جواب دہی کو یقینی بنائیں گے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ شکایات سیل تک آن لائن، ای میل اور فون کے ذریعے رسائی حاصل ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فالو اپ اور بروقت جواب دہی کو مؤثر بنائیں گے۔ جنید انوار چوھدری نے کہا کہ شکایات سیل کا قیام بحری شعبے کو عوام دوست اور جدید بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588159