کوئٹہ۔ 28 اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر قربان علی مگسی نے کہا ہے کہ سوشل ویلفئیر کے زیر اہتمام 800 مرد و خواتین طلباء آئی ٹی کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، بلوچستان نے نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے مقصد کے تحت سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔اس ضمن میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو تربیتی عمل کے لیے عمارت، ہال، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی ہیں۔
منصوبے کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں گھروں میں بیٹھے آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔یاد رہے کہ اس وقت بھی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے شارٹ آئی ٹی کورسز کا سلسلہ جاری ہے، جو آئندہ 10 ماہ میں مکمل ہوگا۔
مزید برآں، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر کی خصوصی ہدایت پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ جلد ہی 50 خصوصی طلباء پر مشتمل ایک علیحدہ بیچ کا آغاز بھی کرے گا۔تقریب کے موقع پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندے سہیل الرحمٰن اور ان کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر قربان علی مگسی کو مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا۔ تقریب کے دوران طلباء میں جوش و خروش اور علم حاصل کرنے کا جذبہ نمایاں تھا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفئیر قربان علی مگسی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588696