اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت وزارت صنعت و پیداوار اور فرنیچر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مابین اجلاس ہوا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر سازی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہاں اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بڑی تعداد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے کام کر رہے ہیں جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہارون اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق حکومت فرنیچر مینوفیکچررز کو برآمدات بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران فرنیچر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان فیصل محسن اور زہرا فیصل نے حکومت سے صنعت کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فرنیچر بنانے والوں کو برآمدی آگاہی، ہنر سازی، ٹیکسیشن کے طریقہ کار اور دستاویزی امور میں متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
ہارون اختر خان نے اس موقع پر سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی آئی ڈی سی) کو ہدایت دی کہ وہ فرنیچر مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر ان مسائل کے حل کے لیے موثر انداز میں کام کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ فرنیچر کا شعبہ پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے۔مزید برآں ہارون اختر خان نے سمیڈا اور پی آئی ڈی سی کو ہدایت دی کہ فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کے لیے حکمت عملی پر مبنی تفصیلی رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588876