اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ 10 میں کل(بدھ کو) واحد میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے،جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیگ کے 19 ویں میچ میں بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں قذافی کرکٹ سٹیڈیم،لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ رات 8 بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان لیڈ کر رہے ہیں اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں میتھیوشارٹ،کولن منرو،راسی وین ڈیر ڈوسن،جیسن ہولڈر،حیدرعلی،سلمان آغا،عمادوسیم،حنین شاہ اور اعظم خان شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لیگ میں تاحال ناقابل شکست ہے اور 5 میچز کھیل کر پانچوں جیت چکی ہے اور وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔
لاہور قلندرز کو مایہ ناز فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی لیڈ کر رہے ہیں اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں فخر زمان،حارث رئوف،ثام بلنگز،ٹام کیوران ،کوسل پریرا،ڈیرل مچل ،آصف علی اورسکندررضا شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کی ٹیم 6پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے ۔لاہور قلندرز نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں اس کو تین میچز میں فتح جبکہ تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلا جائے گا۔\932
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589273