ایبٹ آباد۔ 29 اپریل (اے پی پی):بزم علم و فن ہزارہ کے زیرِاہتمام ماڈرن ایج گرلز کیمپس میں ”شامِ افسانہ“ کے عنوان سے ادبی محفل کا انعقادکیا گیا۔ تقریب میں ملک کی ممتاز افسانہ نگار سمیہ زیب اور نازیہ خلیل عباسی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ ادبی محفل کے میزبانِ واحد سراج نے بزم علم و فن ہزارہ کی سرگرمیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادب کسی بھی معاشرے کی روح ہوتا ہے اور بزمِ علم و فن ہزارہ اس روح کو تازگی دینے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے ادبی محفل میں شرکت پر مہمانانِ گرامی سمیت تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سمیہ زیب اور نازیہ خلیل عباسی نے اپنے منتخب افسانے پیش کئےجن میں سماجی مسائل، انسانی جذبات اور معاشرتی تلخیوں کی بھرپور عکاسی کی گئی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ صدرِ محفل سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی آمنہ سردار نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ ادب معاشرتی شعور کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ایسے پروگرام نئی نسل کو مطالعہ اور تخلیق کی طرف راغب کرتے ہیں، بزم علم و فن ہزارہ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں جو علاقائی سطح پر ادب کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589378