33.2 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومزرعی خبریںگندم میں ترقی پسند کاشتکار اوسط فی ایکڑ پیداواری صلاحیت سے دوگنا...

گندم میں ترقی پسند کاشتکار اوسط فی ایکڑ پیداواری صلاحیت سے دوگنا حاصل کر رہے ہیں، ڈاکٹرذوالفقار علی

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 30 اپریل (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو عام کاشتکار تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ غذائی استحکام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

نیپا کورس کے وفد سے (آن لائن) گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم میں ترقی پسند کاشتکار اوسط فی ایکڑ پیداواری صلاحیت سے دوگنا حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، کم پیداواری صلاحیت، مٹی اور دیگر مسائل سمیت سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اعلیٰ ہنر مند اور تکنیکی اعتبار سے مضبوط پیشہ ور افراد تیار کر رہی ہے جو کہ زراعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ مٹی کی صحت کو بہتر بنانا پائیدار کاشتکاری کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پانی کے دانشمندانہ استعمال اور جدید کاشتکاری کے طریقوں کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کو ان کی دسترس تک پہنچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کونسل نے حال ہی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تیار کردہ گندم کی نئی قسم ”چناب پاستا24” کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحم گندم کی لائنیں تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کے تحت مرکز برائے اعلیٰ تعلیم، پاکستان کوریا نیوٹریشن سینٹر،چینی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم ہیں جو کہ غذائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590202

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں