30.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 1, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے ترقی، خوشحالی، سرمایہ کاری، روزگار اور شفافیت...

پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے ترقی، خوشحالی، سرمایہ کاری، روزگار اور شفافیت کے نئے دور کا آغاز ہو گا، شزہ فاطمہ خواجہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ نے پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں ترقی، خوشحالی، سرمایہ کاری، روزگار اور شفافیت کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈیجیٹل ڈائریکٹ انویسمنٹ فورم کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز اس فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

وزارت آئی ٹی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں نیشنل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے کوشاں ہے، حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث آئی ٹی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم میں شراکت داروں سے مل کر پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کی ہے۔ فورم کے شرکاء نے پاکستان میں 700 ملین ڈالر کے لگ بھگ سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

- Advertisement -

ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ نے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا ہے، اس فورم میں 30 سے زائد وزراء اور وفود شریک ہوئے ہیں، 100 سے زائد آئی ٹی کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی، 400 سے زائد ملکی کمپنیوں نے اس میں حصہ لیا، 70 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کو کامیاب بنانے کیلئے معاونت پر وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور دیگر شراکت داروں کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ نے کہا کہ اس کامیاب فورم کے انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان ڈیجیٹل ایف ڈی آئی کا چیمپین ہے،پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ٹی کے شعبہ کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقدامات کو عملی شکل دینے کے لئے کوشاں ہیں، آئندہ سال اسلام آباد میں پھر کانفرنس ہوگی،اس میں نئی پیشرفت سامنے آئے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کا وژن ترقی ہی واحد راستہ ہے جس کیلئے ملک میں ڈیجیٹل انقلاب لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے،پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی مشن ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590370

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں