اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):ایک اور بھارتی رکن اسمبلی (ایم ایل اے) نے پہلگام میں فالس فلیگ حملے کے بعد بی جے پی کے مبینہ ایجنڈے کو بے نقاب کیا ہے۔ذرائع کے مطابق راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی نمائندگی کرنے والے بہار کے ایم ایل اے چندر شیکھر یادو نے پہلگام کے حالیہ واقعہ پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہب کی بنیاد پر کسی کو قتل کرنے کی اجازت نہیں ہے بلکہ یہ محض نفرت پھیلانے کا بہانہ ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو پہلگام میں ایک مسلمان گولیوں کا شکار کیوں ہوتا؟۔
ادو نے مزید کہا کہ کہ ایک مسلمان شخص نے حملے کے دوران جان بچانے کے لیے ایک زخمی کو 20 کلومیٹر تک اپنے کندھے پر اٹھا کر سفر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے 26 افراد میں سے ایک مسلمان بھی تھا۔انہوں نے پہلگام حملے کو بی جے پی کی طرف سے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی ایک فریب کارانہ چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کے پاس مذہب یا ذات پات کے بارے میں پوچھنے کا وقت نہیں ہوتا اور اگر واقعی ایسا ممکن ہوتا تو ایک مسلمان کو کیسے مارا گیا؟۔یادو نے بی جے پی پر نفرت پھیلانے اور غلط معلومات کے ذریعہ عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کا الزام لگایا۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ چونکہ اس وقت بہار میں انتخابات چل رہے ہیں، اس لیے بی جے پی جان بوجھ کر ریاست میں نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے حامی اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے مذہبی عقیدت اور جوش کی آڑ میں لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ’’بی جے پی کا مقصد ووٹ حاصل کرنے کے لیے نفرت کو بھڑکانا ہے‘‘۔اس حوالہ سے سیاسی تجزیہ کاروں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کی سیاست مودی کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔پہلگام حملے کے بعد مودی اور ان کے اتحادیوں نے بے بنیاد الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590910