31.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومقومی خبریںعالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل اظہار...

عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل اظہار یکجہتی

- Advertisement -

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے جمعرات کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے روبرو ایک اہم عوامی سماعت میں زبانی دلیل پیش کی ، یہ سماعت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوامِ متحدہ، دیگر بین الاقوامی تنظیموں اور تیسرے ممالک کی موجودگی و سرگرمیوں کے تناظر میں اسرائیل کی قانونی ذمہ داریوں سے متعلق مشاورتی رائے کی درخواست پر منعقد کی گئی۔اپنے بیان میں سفیر سید حیدر شاہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقے بالخصوص غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے بارے میں اسرائیل کا رویہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں کسی بین الاقوامی تنظیم کے استحقاق اور مراعات کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں یو این آر ڈبلیو اے کی کارروائیوں کو ختم کرنے کی اسرائیل کی کوششوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور لاکھوں ضرورت مند فلسطینیوں کو انتہائی ضروری انسانی امداد سے محروم کرنے کی اسرائیل کی منظم مہم کا حصہ قرار دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی امداد فراہم کرنے اور لاکھوں شہریوں کو انسانی امداد سے انکار کے ذریعے اجتماعی سزا کے نفاذ پر اسرائیل کو جوابدہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان نے اس سال کے اوائل میں اس معاملے میں آئی سی جے میں اپنا تفصیلی تحریری بیان جمع کرایا تھا۔ اس کیس کی زبانی کارروائی 28 اپریل سے 02 مئی 2025 تک آئی سی جے میں جاری ہے جس میں 40 سے زائد ممالک اور تنظیموں کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو کے قیام کی جدودجہد میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591007

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں