32.9 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںڈویلپرز ہاؤسنگ سکیموں میں قواعد و ضوابط اور محکمانہ شرائط کی مکمل...

ڈویلپرز ہاؤسنگ سکیموں میں قواعد و ضوابط اور محکمانہ شرائط کی مکمل پابندی کریں، ڈی جی ایف ڈی اے

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 02 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ڈ ویلپرز سے کہا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں میں قوانین، قواعد و ضوابط اور محکمانہ شرائط کی مکمل پابندی کریں تاکہ قانونی کارروائی کرنے کی نوبت نہ آئے۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے ڈویلپرز سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ڈویلپرز کو نئی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام، موجودہ میں توسیع اور دیگر متعلقہ امور میں ایف ڈی اے کی طرف سے تیز رفتار سروسز فراہم کی جا رہی ہیں لہذا قانون شکنی سے گریز کیا جائے تاکہ قانون کی عملداری اور منظم ٹاؤن پلاننگ میں رخنہ اندازی نہ ہو۔

- Advertisement -

انہوں نے واضح کیا کہ پبلک یوٹیلیٹی سائٹس سرکاری ملکیت ہیں لہذا مفاد عامہ کے ان پلاٹس پر قبضہ، تجاوزات یا کسی دیگر مقاصد کے لئے استعمال میں لانے کی غیر قانونی کوشش نہ کریں وگرنہ سخت ایکشن ہوگا اور کسی قسم کے تعمیراتی یا دیگر نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ ہاؤسنگ سکیموں میں توسیع کے لئے قانونی و محکمانہ طریقہ کار اختیار کیا جائے اس سلسلے میں قانون شکنی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی توسیع کی کوشش میں قائم تعمیراتی ڈھانچے فوری مسمار ہوں گے اس سلسلے میں مانیٹرنگ کا عمل جاری اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیمیں باقاعدہ سرگرم عمل ہیں۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے زور دیا کہ نادہندہ ڈویلپرز فوری طور پر بقایاجات جمع کرائیں اس سلسلے میں بھرپور ریکوری مہم جاری ہے اور نادہندگان کے خلاف چالان بھی سپیشل جوڈ یشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز سے متعلق کوئی مسئلہ یا شکایت درپیش ہو تو براہ راست ان کے نوٹس میں لائیں کیونکہ قواعد وضوابط کے تحت ڈویلپرز کے لئے ہرممکن سہولت و ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت کاروباری آسانیوں کے لئے ادارہ جاتی سروسز ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ درخواست گزاروں کو مختلف محکموں کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ میٹنگ کے دوران ڈویلپرز نے قانونی طریقہ کار اور محکمانہ شرائط پر عملدرآمد کا یقین دلایا اور ان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591464

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں