28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںبھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو دندان شکن جواب دیں...

بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو دندان شکن جواب دیں گے،راجہ پرویز اشرف

- Advertisement -

وزیرآباد 02 مئی (اے پی پی):پہلگام واقعہ پر ہندوستان نے تمام بین الاقوامی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف مذموم پراپیگنڈہ کیا اور پاکستان کو پریشرائز کرنے کی ناکام کوشش کی ہے ،لیکن پاکستان کے خلاف اگر ہندوستان نے کوئی بھی جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا، ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم پاکستان و پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔وہ سمبڑیال پی پی 52 ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں شرکت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی اور سینئر راہنما امتیاز صفدر وڑائچ کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی راہنما اعجاز احمد سماں کے ڈیرہ پر گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، چاہے بات خطہ کی ہو یا دنیا میں امن کی ،ہم ہمیشہ امن کی خاطر اپنے آپ کو سر فہرست رکھتے رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر یہ الزام لگا دیا گیا کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے یہ انتہائی فضول و بے بنیاد بات ہے پوری قوم پاکستان کی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اگر کوئی ایسا وقت آیا تو ہم دشمن کو ایسا سبق سکھائیں گے جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اور خصوصا اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تو بہت بہتر تعلقات چاہتے ہیں ہم نے ہمیشہ ہندوستان سے تکلیف اٹھائی ہے، ہندوستان پاکستان میں کئی ایک واقعات میں دہشتگردی میں ملوث رہا ہے۔ جعفر ایکسپریس کا سانحہ ہو یا دیگر دہشتگردی کے واقعات، ہمیشہ بھارت نے ہمیں تکلیف دی ہے ہم نے تو کہا ہے کہ یو این او کے تحت انکوائری کروائیں کہ پاکستان کا پہلگام واقعہ میں کیا کوئی کردار ہے یا نہیں۔؟

صرف الزام سے اور پروپیگنڈہ سے دنیا کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے دس منٹ بعد ایف آئی آر ہو جاتی ہے اور پاکستان پر الزام لگا دیا جاتا ہے کیوں ؟ کیا انکوائری ہوئی؟ پہلگام واقعہ پر دنیا نے ہماری حمایت کی اور خصوصا عرب ممالک یو اے ای نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی یا ایسا کوئی غلط اقدام اٹھانے کی کوشش کی تو اسے اسکے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور دندان شکن جواب دیا جائے گا ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591489

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں