26 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومکھیل کی خبریںپی ایس ایل میں کل چائلڈ کینسر سے آگاہی کا دن منایا...

پی ایس ایل میں کل چائلڈ کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائے گا

- Advertisement -

لاہور۔2مئی (اے پی پی):بچوں کے کینسر سے آگاہی کے دن کی مناسبت سے کل تین مئی کو قذافی سٹیڈیم میں خصوصی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ اس اہم موقع پراسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز اس مہم کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور انداز میں شریک ہوں گے۔آگاہی مہم کے تحت میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز گولڈ ربن پہنیں گے، جو بچپن کے کینسر کی علامت ہے، جبکہ کھلاڑی خصوصی گولڈن کیپس اور ربن پہن کر میدان میں اتریں گے۔

میچ میں استعمال ہونے والے اسٹمپس بھی سنہری رنگ کے ہوں گے۔خصوصی طور پر تین کینسر کے مریض بچوں کو گراونڈ میں مدعو کیا جائے گا، جنہیں دونوں ٹیموں کی جانب سے دستخط شدہ شرٹس پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں موجود ڈیجیٹل اسکرینوں پر چائلڈ کینسر سے متعلق آگاہی پیغامات بھی دکھائے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایچ بی ایل پی ایس ایل، سلمان نصیر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے ایک حصے کے طور پر ہم بچوں کے کینسر سے متعلق آگاہی کے دن کے طور پر منا رہے ہیں۔

- Advertisement -

یہ کرکٹ کے پلیٹ فارم کو صحت کے چیلنجز کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم ٹیموں، کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز، شائقین اور میڈیا کے دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کوششوں میں ہمارا ساتھ دیا۔مزید برآں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 3 مئی کو اگر کوئی فیملی زرد (یلو) رنگ کے کپڑے پہن کر میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم آتی ہے تو اسے کمپلیمنٹری پاسز دیے جائیں گے۔

یہ پاسز ٹی سی ایس باکس آفس، لبرٹی مارکیٹ، پبلک پارکنگ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ باکس آفس سہ پہر 3 بجے کھلے گا اور پاسز "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر محدود دو انکلوژرز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591601

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں