30.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںخواتین کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،...

خواتین کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، گورنرپنجاب کا لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب

- Advertisement -

لاہور۔3مئی (اے پی پی):لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے 20 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں94 سکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ کانووکیشن کے مہمان خصوصی چانسلر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر تھے۔کانووکیشن میں مختلف مضامین میں کل 5010 ڈگریاں دی جائیں گی ۔کانووکیشن کا دوسرا سیشن اتوار(کل) کو منعقد ہوگا۔

جس میں ایم ایس/ایم فل کی783 جبکہ انڈرگریجوایٹ پروگرامز( بی ایس، بی بی اے، بی کام، بی ای، بی آرکیٹیکچر، بی ایس سی ایس، بی ایف اے، فارم ڈی) کی 2487 ڈگریاں ایوارڈ کی جائیں گی۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے الحاق شدہ کالجز کی طالبات کو 1646 ڈگریاں دی جائیں گی جن میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سمن آباد، گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج برائے خواتین کوپر روڈ اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گلبرگ شامل ہیں۔ کل 748 طالبات کو میڈلز اور رول آف آنرز سے نوازا جائے گا۔

- Advertisement -

کانووکیشن میں اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل ایلومینائی کی دو ارکان کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلبا کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ریکارڈ 94 سکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کیں جو تحقیق کے میدان میں جامعہ کی اہم کامیابی ہے،طالبات نے تعلیم کے شعبے میں خود کو منوایا ہے۔ ڈگری لینے والی طالبات مبارک باد اور ستائش کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر کوئی معاشرہ اور ریاست کامیابی کے زینے پر نہیں چڑھ سکتی۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہیں جنہوں نے جانفشانی سے آج اتنی طالبات کو معاشرے کا مفید اور فعال حصہ بنا دیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انشااللہ اس ملک نے ہمیشہ قائم رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہمارا کوئی مذہبی فرقہ نہیں تمام فرقے تمام پارٹیاں صرف پاکستان ہیں اور پاکستان کے لیے ہم اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا رول ماڈل رسول خدا حضرت محمد صلی علیہ وسلم کی ذات اقدس ہے۔

خواتین میں ہماری رول ماڈل ازواج مطہرات ہیں، بی بی خدیجتہ الکبری رضی اللہ عنہ، بی بی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ اور بی بی فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ سیاسی طور ہماری رول ماڈل محترمہ فاطمہ جناح اور میری لیڈر بینظیر بھٹو شہید ہیں۔ گورنر پنجاب نے طالبات پر زور دیا کہ آپ بہت ساری ڈگریاں حاصل کر لیں لیکن اگر تربیت میں کمی رہ گئی ہو تو ان ڈگریوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا ہے اور طالبات کی ایمپاورمنٹ کا خیال رکھا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591815

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں