شیخوپورہ۔ 03 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں اپنا دفتر قائم کر لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ دو دن سے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں موجود رہ کر علاج معالجے کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر تمام شفٹوں کی حاضری ڈیوٹی روسٹر کے مطابق چیک کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لمحہ بہ لمحہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے معائنہ ، ادویات کے اسٹاک سمیت صفائی ستھرائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے داخل مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مریضوں اور انکے لواحقین نے ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم کروانے پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلاتعطل جاری ہے ، ہسپتال کے تمام شعبہ جات میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری علاج گاہوں کو بند کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ لوگوں کی زندگیاں عزیز ہیں ، کسی کو بھی علاج معالجے کی سہولیات بند نہیں کرنے دیں گے۔تمام ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی کو احسن طریقے سے سرانجام دیں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591903