ہری پور۔ 3 مئی (اے پی پی):خانپور ڈیم میں دو روز قبل ڈوبنے والی کشتی میں ایک لاپتہ شخص کی تلاش کیلئے ریسکیو 1122 کی جانب سے تیسرے روز بھی سرچ آپریشن جاری رہا۔ ریسکیو 1122 ہری پور، مردان اور صوابی سمیت نیوی کی ریسکیو ٹیمیں آپریشن میں مصروف عمل رہیں۔
ٹی ایم او خانپور عائشہ طاہرہ نے ڈی ایس پی خانپور عارف خان اور ٹی او آر ٹی ایم اے فیصل عباسی کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور حالات کا تفصیلاً جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹی ایم اے کے عملہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ تمام تر کوششوں کے بعد خان پور ڈیم میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش کیلئے ڈی ایس پی خانپور عارف خان نے پاک نیوی کے جوانوں کو مدد کیلئے درخواست دی تھی۔
پاک نیوی کے ماہر غوطہ خور تیراکوں نے ہفتہ کے روز دیگر تیراکوں کے ہمراہ ڈیم میں لاپتہ ہونے والے شخص کی نعش کو تلاش کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591911