اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پیر کو دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں مضبوط پاکستان ایران تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت، توانائی اور رابطوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور امریکہ ایران مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پیچیدہ مسائل کو سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے ایک دوسرے کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا جو خطے میں امن و استحکام کے لئے ان کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے پاک ایران تعلقات میں مضبوط رفتار برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا جس میں قیادت کی سطح پر ملاقاتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو برقرار رکھنا بھی شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592786