فیصل آباد۔ 06 مئی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ فیسکو کے لائن پرکام کرنے والے سٹاف کو مہلک حادثات سے بچانا کمپنی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا ایس ڈی او حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ خود ٹی اینڈ پی پریڈ منعقد کرکے حفاظتی آلات کی چیکنگ کریں اور اگر ان میں کوئی کمی یا خرابی ہو تو فوراً اسے دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں جبکہ کمپنی انتظامیہ اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے نہ صرف کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز مطالبات کے حل کیلئے کوشاں ہے بلکہ انتظامیہ اور لیبریونین کے مابین اچھے اور مثالی تعلقات ہیں نیزاختلاف رائے نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کے مسائل انتہائی سرعت کے ساتھ حل ہورہے ہیں۔
وہ فیسکو ہیڈ کوارٹرز میں واپڈا ہائیڈرورکرز یونین کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جس نے ریجنل چیئرمین چوہدری سرفراز ہندل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ فیسکو انتظامیہ،یونین اور ملازمین کو فیسکو کو منافع بخش ادارہ بنا نے کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ اسکے ثمرات ملازمین کو مل سکیں۔واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین چوہدری سرفراز ہندل نے اپنے خطاب میں مزدور دوست اقدامات کرنے پر چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد عامر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یونین اپنی سطح پر تمام لائن سٹاف کو حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے اور حادثات کی روک تھا م کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کمپنی اور سرکل کی سطح پر ملازمین کی ترقیوں کے عمل کو تیز کرنے کامطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام دفاتر میں ملازمین کی کمی کو یارڈ سٹک کے مطابق پورا کیا جائے اور صارفین کی تعداد کے مطابق یارڈ سٹک کو ریوائز کیا جائے۔چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر نے یونین کے مطالبات کو جلد ازجلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایچ آرفیسکو غلام مجتبیٰ، یونین عہدیداران اور ملازمین کی کثیر تعداد بھی موجو دتھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593241