ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کی سربراہی میں حج انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں ، ترجمان وزارت مذہبی امور

106
سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 380 عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیںِ، وزارت مذہبی امور

مکہ مکرمہ۔6مئی (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کی سربراہی میں حج انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں ۔ منگل کو ایک بیان میں ترجمان مذہبی امور عمر بٹ نے کہا کہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو نے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان و دیگر معاونین حج کے ہمراہ رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا ۔

ڈی جی حج نے رہائشی کمروں، ڈائننگ ہالز، لفٹس اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا ۔ڈی جی حج نے عازمین حج کی سہولت و تعاون، رہنمائی اور شکایات کے ازالہ سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عازمین حج کی آمد سے قبل تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی آمد 7 مئی سے شروع ہوگی۔ حج آپریشن کامیابی سے اپنے دوسرے مرحلے کی طرف گامزن ہے۔