34.4 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومقومی خبریںپاکستانی قوم خوف سے نہیں، جدوجہد سے پیدا ہوئی ہے، کوئی ہماری...

پاکستانی قوم خوف سے نہیں، جدوجہد سے پیدا ہوئی ہے، کوئی ہماری برداشت کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، بلاول بھٹو زرداری

- Advertisement -

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم خوف سے نہیں، جدوجہد سے پیدا ہوئی ہے، کوئی ہماری برداشت کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، پاکستان کی مسلح افواج چوکس، پرعزم اور تیار ہیں، کراچی سے خیبر تک اور لاہور سے لاڑکانہ تک قوم متحد ہے، ہم تلوار صرف اس وقت اٹھاتے ہیں جب امن کو خطرہ ہو لیکن جب تلوار اٹھتی ہے تو خطا نہیں کرتی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ واقعے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاح مارے گئے، خون بہا، اور یہ ہر لحاظ سے ایک سانحہ تھا لیکن لاشیں ٹھنڈی بھی نہ ہوئی تھیں کہ نئی دہلی نے اپنی نفرت کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا، انگلیاں اٹھائیں، سرحدیں سخت کیں اور نتائج کی دھمکیاں دینے لگے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور دنیا کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں، اس جرم میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں، ہم دہشتگردی برآمد نہیں کرتے بلکہ خود اس کے شکار ہیں، دہشتگردی صرف جسم پر حملہ نہیں بلکہ سچ، امن اور تہذیب پر حملہ ہے۔ بھارت کے دہشتگردی کے خلاف اقدامات کے دعوؤں پر بلاول نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ سکتے ہیں جبکہ آپ خود ریاستی دہشتگردی کشمیر میں انجام دے رہے ہیں؟ آپ قانون کی بات نہیں کر سکتے جب آپ ہر روز اسے پامال کرتے ہیں۔ آپ اخلاقی برتری کا دعویٰ نہیں کر سکتے جب آپ کے ہاتھ ماؤں کے آنسوؤں، بچوں کی چیخوں اور خاموش لاشوں سے رنگے ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کو صرف ٹینکوں سے شکست نہیں دی جا سکتی بلکہ اس کے خلاف انصاف سے لڑنا ہوگا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا آپ واقعی تشدد کا خاتمہ چاہتے ہیں؟

- Advertisement -

تو پھر عوام کو بولنے دیں، ریفرنڈم کروائیں، ظلم نہیں، بیلٹ ہو، بلڈوزر نہیں، خودمختاری ہو، الحاق نہیں، یہی امن کی واحد راہ ہے۔ کوئی جھوٹ، کوئی گولی، کوئی دھماکہ سچ کو دفن نہیں کر سکتا، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو پرانے اور حقائق سے محروم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے الزامات فرسودہ ہیں، یہ داستان پر مبنی ہیں، حقیقت پر نہیں، بھارت جنوبی ایشیا میں وہ لڑکا بن چکا ہے جو ہر بار بھیڑیا آنے کا جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان نے نہ صرف بھارت کے پراکسیز بلکہ اس کی مسلح افواج کے ذریعے مداخلت کے شواہد بھی فراہم کیے ہیں، بھارت کے ہاتھ سری لنکا سے کینیڈا تک خون سے رنگے ہیں، بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی میں دہشتگردی کے ہتھیار کو ترک کرنا ہوگا۔

سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے بلاول نے بھارت کی جانب سے اس کی معطلی کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے، یہ پانی کو سیاسی بنانے اور فطرت کو مجرم ٹھہرانے کے مترادف ہے، یہ کیسا جنون ہے کہ آپ اپنی داخلی شکایات کے بدلے لاکھوں لوگوں کی خوراک اور روزگار کو خطرے میں ڈال رہے ہیں؟ انہوں نے دنیا کو دریائے سندھ کی مشترکہ تاریخ یاد دلائی جو تہذیب کا گہوارہ ہے، سندھ محض ایک دریا نہیں، یہ ہماری تہذیب کا گہوارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دہلی وجود میں نہیں آئی تھی، جب سلطنتیں وجود میں نہیں آئیں تھیں اور سرحدیں متعین نہیں ہوئیں تھیں، تب موہنجو دڑو اور ہڑپہ موجود تھے، وادی سندھ کی تہذیب، جو دونوں اقوام کی مشترکہ میراث ہے، انسانیت کی ابتدائی روشنیاں تھیں، اسی نے شہری منصوبہ بندی، آبپاشی، زراعت، تجارت اور مواصلات کے نظام کو جنم دیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی عوام کو بھی حوصلہ نہ ہارنے کی تلقین کی اور کہا کہ ہم پہلے بھی تاریکیوں سے گزرے ہیں اور روشنی تک پہنچے ہیں، ہمارے دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں متحد رہنا ہوگا، سویلین اور سپاہی، مزدور اور عالم، مسلمان اور غیر مسلم، سندھی، پنجابی، بلوچ، پختون، ہم سب پاکستان ہیں، ہم ایک دل کی دھڑکن ہیں، ایک مقصد ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593661

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں