راولپنڈی ۔7مئی (اے پی پی):ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر شرمناک اور بزدلانہ حملہ کیا ہے، رات گئے پاکستان کے تین علاقوں میں میزائل داغے ہیں، پاک فضائیہ نے ہندوستان کے طیاروں کو پاکستان میں داخل نہیں ہونے دیا،بھارتی طیاروں نے اپنی حدود سے میزائل داغے ہیں، پاکستان وقت اور مقام کا انتخاب کرکے ہندوستان کو بھرپور جواب دے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ہندوستان کی جانب سے فضاء سے مظفر اباد،کوٹلی اور بہاولپور میں میزائل داغے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزائل حملے کے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے شرمناک حملہ کیا ہے،پاکستان وقت اور مقام کا تعین کرکے بھرپور جواب دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ مکمل الرٹ تھی اسی وجہ سے بھارتی طیارے پاکستان کی حدود کی داخل نہیں ہوسکے اور اپنی فضائی حدود سے فضاء سے میزائل داغے جو پاکستان میں تین مقامات پر گرے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593667