28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کی بھارتی کھلی جارحیت کی شدید مذمت، اپنے متعین کردہ وقت...

پاکستان کی بھارتی کھلی جارحیت کی شدید مذمت، اپنے متعین کردہ وقت اور جگہ پر مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کی کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے جنگ کی بلا اشتعال اور صریح کارروائی میں ہندوستانی فضائی حدود میں رہتے ہوئے اسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ،مریدکے اور بہاولپور میں بین الاقوامی سرحد اور کوٹلی اور مظفرآباد، آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پار شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، بھارت کی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی شہادت ہوئی ہے، جارحیت کے اس عمل سے کمرشل ایئر ٹریفک کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارت کے بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین الریاستی تعلقات کے قائم کردہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پہلگام حملے کے تناظر میں، ہندوستانی قیادت نے ایک بار پھر دہشت گردی کی آڑ لیتےہوئے اپنے مظلومیت کے شرمناک بیانیہ کو آگے بڑھایا ہے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ بھارت کے لاپرواہی سے دو جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں ایک بڑے تنازعے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ صورتِ حال بدلتی رہتی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے متعین کردہ وقت اور جگہ پر مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔ وہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہمیشہ آہنی عزم کے ساتھ کام کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593681

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں