24.6 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومتازہ تریندشمن کے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دینے پر...

دشمن کے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دشمن کے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار تھیں،پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا،روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ہے،تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور ملک کے لئے ہم سب اکھٹے ہوں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات انڈیا کے بزدلانہ حملے میں کئی بچے،خواتین اور مرد شہید ہوگئے، ان شہداء کے درجات اللہ بلند کرے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 22 اپریل کو انڈیا کے ناجائز زیرقبضہ کشمیر میں واقع پہلگام میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا، اس واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا اور بغیر کسی ثبوت کے میڈیا اور حکومتی سطح پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا گیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس سے کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کیا جس میں بی ایل اے کے ساتھ ٹی ٹی پی شامل تھی اور اس کے تانے بانے انڈیا سے ملتے تھے جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، جس میں درجنوں شہادتیں ہوئیں۔ہمارے ایس ایس جی کے جوانوں نے جوانمردی سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ان مغویوں کو رہا کرایا تاہم بھارت کی جانب سے اس واقعہ کی مذمت تک نہیں کی گئی اوردنیا کے سامنے اس کا مذاق اڑایا، وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد عالمی رہنمائوں سے بات ہوئی،ہم نے واضح کیا کہ پاکستان کا واقعہ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، پھر بھی صاف شفاف تحقیقات کے لئے عالمی انکوائری کمیشن کے قیام کی پیشکش کی، لیکن اس کا جواب نہیں دیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں روزانہ اطلاعات ملتی تھیں کہ انڈیا کی جانب سے اس حملہ کو بنیاد بنا کر کوئی جارحیت کی جائے گی، افواج پاکستان 24 گھنٹے تیار تھیں کہ کب دشمن کے جہاز اڑیں اور ہم انہیں سبق سکھائیں۔انڈیا کو اپنے رافیل پر بڑا ناز تھا،کچھ دن قبل ان کے جہاز اڑے تو ہماری فضائیہ کے شاہینوں نے ان کی کمیونیکشن لاک کر دی، وہ فوراً واپس سرینگر اتر گئے، یہ ہماری فوج کی تیاری اور عزم کا اظہار تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انڈیا کے مذموم عزائم کی پل پل کی خبر تھی،

گزشتہ رات پوری تیاری سے انڈیا کے 80 جہازوں سے آزاد کشمیرکے دو شہروں، مریدکے،بہاولپور اور سیالکوٹ میں حملہ کیا گیا، پاکستان کے عقاب مکمل تیاری میں تھے،ہمارے جہازوں نے سرحد عبور نہیں اور جن طیاروں نے پاکستان پر حملہ کیا ان پر جھپٹے اور انڈیا کے پانچ جہاز،دوڈرون مار گرائے۔انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی عزت پاکستان کے عوام کو نہیں مل سکتی تھی، اللہ کے شکر گزار ہیں جو یہ کہتے تھے کہ پاکستان روایتی جنگ میں بہت پیچھے ہے، ان کے تمام تجزیے غلط ثابت ہوئے، پاکستان کی فوج فولادی فوج ہے،

اس کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں تکریم ملی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک شہید کا جنازہ ہے جس میں صدر مملکت اور آرمی چیف کے ہمراہ شرکت کرنی ہے تاکہ شہید کے خاندان اور دنیا کو یہ پیغام جائے کہ شہید جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر،اپنے بچوں کو یتیم کرکے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا اور سرحدوں کی حفاظت کی، وہ قوم کے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ میں اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح عطا کی، اعلی پائے کی تیاری اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاک فوج کے افسر و جوان یک جان دو قالب تھے،اسی لئے پانج جہاز مار گرائے گئے،یہ زیادہ بھی ہو سکتے تھے تاہم پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے اپوزیشن سمیت ایوان سے التماس کی کہ آئیں ملک کے لئے ہم سب اکھٹے ہوں،

اس سے زیادہ اچھا موقع کوئی نہیں ہو سکتا، میں سپیکر چیمبر میں ان سے ملنے کو تیار ہوں، پاکستان کو عظیم قوم بنانے کا یہی موقع ہے، اللہ نے قوم کو دوبارہ موقع دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی وجہ سے آج پاکستان کا سر بلند ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ اس بہترین اور منہ توڑ جواب پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف،آرمی چیف،پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں اور جوانوں کے لئے تحسین کی قرارداد منظور کی جانی چاہیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593948

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں