کشمیری عوام کی طرف سے یاتریوں کو کوئی خطرہ درپیش نہیں، بھارتی میڈیا بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہا ہے، سید علی گیلانی

88

سرینگر ۔ 18 جون (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی الیکٹرانک میڈیا کے اس منفی پروپگینڈہ کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے، جس کے ذریعے یہ باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یاتریوں کو کشمیریوں کی طرف سے خطرہ ہے اور وہ انہیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک مہذب اور مہمان نواز قوم ہے جس نے مہمانوں کی ہمیشہ عزت افزائی کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ کشمیری کسی مذہب یا اس کے ماننے والوں کے خلاف نہیں ہیں، بلکہ وہ اپنے بنیادی اور پیدائشی حقوق کے لیے ایک جائز جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے اور انہیں اپنے مستقبل کے تعین کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرانے کے وعدے کئے ہیں اور کشمیری محض ان وعدوں کا ایفاءچاہتے ہیں ۔