اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں بھارت کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکہ کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو بھارتی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے،
بھارت نے علاقائی امن کو تار تار کیا ہے، بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دفاع وطن کے لئے دشمن کو بھرپور جواب دیا، پاکستان انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ہم اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے خطرناک عزائم سے پہلے ہی دوست ممالک کو آگاہ کر دیا تھا۔