دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سرکاری ادارے تیار ہیں، کمشنرسرگودھا

96

سرگودھا۔ 07 مئی (اے پی پی):سرگودھا میں مکار دشمن بھارت کی جارحیت کے بعدشہریوں کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ کمشنر سرگودہاجہانزیب اعوان نے بدھ کے روز ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر اور سول ڈیفنس دفاتر کے ہنگامی دورے کیے، اُنہوں نے ممکنہ جنگی حالات میں فوری ردعمل کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

کمشنر نے ریسکیو 1122 کے مرکزی کنٹرول روم، فائر اسٹیشن، اور ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے یونٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر مظہر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو1122 کا تمام عملہ ہائی الرٹ پر ہے، تمام ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ایمرجنسی ریسپانس موٹر بائیکس تیار حالت میں ہیں۔

اہلکاروں کو فوری انخلا، زخمیوں کی منتقلی، ابتدائی طبی امداد اور ممکنہ فضائی حملوں کے بعد نقصانات کے ازالے سے متعلق خصوصی تربیت دی جا چکی ہے۔ بعد ازاں سول ڈیفنس دفتر کے دورہ میں کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر بھر میں سائرن کے نظام کو چالو کر دیا گیا ہے، تمام شیلٹرز کی نشان دہی مکمل ہو چکی ہے اور رضاکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ممکنہ حملے کی صورت میں حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان نے کہاکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منظم طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے تمام سرکاری ادارے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہسپتالوں، پولیس، بلدیاتی اداروں، اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی قائم کر لی گئی ہے۔